اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن پروگریسو گروپ نے کہا ہے ہمارے سمیت ایسوسی ایشن کی اکثریت کے اس بات پر شدید تحفظات ہیں کہ تنظیمی پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے نہ صرف حکومت کیخلاف معیوب قسم کی تشہیری مہم چلائی گئی بلکہ جنرل باڈی کی منظوری اوربامقصد مشاورت کے بغیر ایسوسی ایشن کا وکالت نامہ دیکر حکومت اور اداروں کیخلاف مقدمہ بازی میں ہمیں اجتماعی طور پر ملوث کیا گیا جس کے نتیجہ میں تمام ممبران اور ملوں کی ساکھ حکومت اور عوام کی نظر میں بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔سیکرٹر ی جنرل کے نام خط میں پروگریسو پینل نے گزارش کی کہ تمام ممبر ملوں کو معلومات اور تفصیلات فراہم کی جائیں کہ اس تشہیری مہم اور مقدمہ بازی میں ایسوسی ایشن کو ملوث کرنے کی منظوری ممبران سے کیوں نہیں لی گئی۔ اس یکطرفہ غیرذمہ دارانہ رویہ کے نتیجہ میں تمام ممبران کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے تمام ممبران کی سادہ اکثریت سے اس تشہیری مہم اور مقدمہ بازی کی اجازت لی جائے یا فوراً ایسوی ایشن کا وکالت نامہ واپس لیا جائے اور بذریعہ اشتہارات حکومت سے یکطرفہ تشہیری مہم پر معذرت کی جائے ۔ پروگریسو گروپ کا وجود الیکشن مہم کہہ کر جھٹلایا نہیں جا سکتا کیونکہ یہ گروپ ممبران کے بیشمار اعتراضات اور تحفظات کی ترجمانی کیلئے وجود میں آیا ہے اور ایسوسی ایشن کو سیاسی دھڑے بندی کے علاوہ حکومت کیساتھ محاذ آرائی سے بچا کر اجتماعی مفادات کا تحفظ کرنا چاہتا ہے ۔