اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا اوراجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعطم آفس کے میڈیا سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر دفاع پرویز خٹک،وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیرداخلہ شیخ رشید،چیئرمین جوائنٹ آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا،چیف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد نیازی اور چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کے ہمراہ آئی ایس آئی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ۔ آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم کوملک کی اندرونی اوربیرونی سکیورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجزکے خلاف آئی ایس آئی کی پیشہ وارانہ صلاحتوں کا سراہا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم وفد کے ہمراہ 3 گھنٹے سے زائد تک آئی ایس آئی ہیڈ کوراٹرز میں موجود رہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے احساس بچت بنک اکائونٹ پروگرام کے آغاز پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاست مدینہ کی طرح جس بھی قوم نے معاشرے کے کمزور طبقہ کی ذمہ داری لی اور قانون کی بالادستی کا اصول اپنایا، وہ قوم اوپر اٹھی،چین نے 35 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا،ہم اسی ماڈل پر عمل پیرا ہیں، احساس پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے ، ورلڈ بنک کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ طبقے کو فوری اور شفاف انداز میں مدد دینے والے ممالک میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے ،دنیا بھر میں احساس پروگرام کو چوتھا کامیاب ترین پروگرام قرار دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا خواتین کو مین سٹریم میں لانے سے ان کی زندگی میں بہتری آئے گی،وہ اپنے کاروبار شروع کر سکیں گی۔وزیراعظم سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور کونسل ممبران نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا ریاست مدینہ کے نظام تک کا سفر ایک جہد مسلسل ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی رہنماؤں کا کردار اہم ہے ۔انہوں نے کہا اسلامی نظریاتی کونسل کا کردار پاکستان کو ریاست مدینہ کے خطوط پر استوار کرنے میں اہمیت کا حامل ہے ،اسلام کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی انصاف کا نظام رائج ہو سکتا ہے اور ہم کرپشن سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم سے چینی سفیرنونگ رونگ نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق چینی سفیر نے وزیر اعظم کو سی پی سی اور ورلڈ پولیٹکل پارٹیز سمٹ کی دعوت دی۔وزیر اعظم نے چینی دعوت نامہ قبول کرلیا۔اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات اور سٹرٹیجک تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔مزیدبرآں وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے تین سالہ دور 2018 سے 2020 میں نیب نے 484 ارب روپے ریکور کئے ، اس کے مقابلے میں 1999 سے 2017 تک نیب نے مجموعی طور پر 290 ارب روپے ریکور کئے ۔وزیراعظم نے کہا جب حکومت مجرموں کو تحفظ نہ دے اور مداخلت کئے بغیر اداروں کو کام کرنے دے تو اچھے نتائج آتے ہیں، انویسٹی گیشن ایجنسیاں اور احتساب ادارے سیاسی مداخلت کے بغیر کام کریں تو اسی طرح کے نتائج آتے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر 2 بیوہ بہنوں کی دُہائی کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کو 31 مئی تک انکوائری رپورٹ اور راولپنڈی ڈویژن کے تمام ریونیو افسران کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈیلیوری یونٹ نے کارکردگی جانچ پڑتال کا مراسلہ جاری کردیا۔مراسلے میں کہا گیا کہ وزیراعظم آفس کا حکم ہے کہ اعلیٰ افسران اپنے ماتحت افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیں، راولپنڈی کے سرکاری افسران کی کارکردگی رپورٹ جلد وزیراعظم آفس بھیجنے کی ہدایت بھی کی گئی۔بیوہ بہنوں نے عمران خان کو پورٹل پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی شکایت کی تھی کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بنا موقف جانے ہماری شکایت خارج کی ہے ۔عمران خان نے وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان کے بھائی لیاقت خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔