اسلام آباد،کوہاٹ(سپیشل رپورٹر،نمائندہ92نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ احتساب عدالت نے ایک طاقتور کو سزا سنائی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی طاقتور کو سزا ملی،نوازشریف کو اﷲ نے جتنے مواقع دیئے شایدہی کسی اور کو ملے ہوں،ن لیگ کے لوگوں سے کہنا چاہتاہوں کیا آپ نے اﷲ کو جواب نہیں دینا؟ سب کو پتا تھا کہ جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہا ہے ،ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی سے متعلق راجہ ظفر الحق کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے ۔ علماو مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے قانون کی بالادستی لانا ہوگی، ملک کو دلدل سے نکالنے کیلئے اسلامی اصول اپنانا ہوں گے ۔ عمران خان نے کہاکہ انہو ں نے 21 سال کھیل کے میدانوں میں گزارکرسیکھاکہ کامیابی پر اپنے پیر زمین پر رکھنے چاہئیں، حکومت میں آکر ہم سب کو اﷲ کے احکامات کے تابع رہنا ہے ، نبیؐ نے مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنائی،پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے مدینہ کی ریاست کے اصول اپنانا ہوں گے ۔عدل کا نظام پہلی ذمہ داری ہے جس کا عملی مظاہرہ کل ہم نے دیکھا۔ نواز شریف نے 300 ارب کا حساب دینا ہے ۔عمران خان نے کہاکہ قوم اکٹھی ہو جائے تو ہم اس صورتحال سے نکل جائیں گے ،انہوں نے کہاکہ ہم راجہ ظفر الحق رپورٹ کو منظر عام لانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور جو اس میں ملوث ہے ان کو سخت سزا دی جائے ۔ کانفرنس میں پاکپتن کے سجادہ نشین پیر دیوان احمد مسعود چشتی اور پیر آف گولڑہ نظام الدین جامی نے الیکشن کیلئے عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا۔ بعدازاں عمران خان نے پیر آف گولڑہ شریف غلام نظام الدین جامی سے ملاقات کی جس میں آئندہ انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پیرآف گولڑہ شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کویقین دلایا کہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کی جائے گی۔دریں اثناء کوہاٹ میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آکرایک سال میں 8ہزار ارب روپے اکٹھا کر یں گے ، کرپشن ختم اور ٹیکس کم کرینگے ،نیب ، ایف آئی اے اور ایف بی آر کو ٹھیک اور پاکستان کوسوئٹزر لینڈ بنا کر دکھائوں گا ،بے روزگاری مہنگائی ،پانی کی قلت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ،گندے پانی کے باعث2لاکھ بچے مر رہے ہیں، ہم تعلیم پر پیسہ لگائیں گے ، مولانا فضل الرحمان کا دوسرا نام مقناطیس ہے جہاں اقتدار ہوتا ہے وہاں مولانا صاحب ہوتے ہیں ، مولانا کیلئے اقتدار سے باہر رہنا ایسے ہے جیسے پانی کے باہرمچھلی ، اس مرتبہ مچھلی کو پانی نہیں ملنے والا۔ عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آکر نوجوانوں کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ دنیا میں ملزموں کو 40گاڑیوں کا پروٹول نہیں ملتا ، تھوڑے سے لوگ عوام کا خون چوس رہے ہیں ، یہ بار بار اقتدار میں آجاتے ہیں، 10سال قبل پاکستان کا قرضہ 6ہزار ارب روپیہ تھا جبکہ آج 27ہزار ارب روپیہ ہے ، پی پی پی اور (ن) لیگ نے پچھلے دس برس میں ملک کو تباہی کی جانب دھکیلا ، میں کرپشن ختم کرکے دکھائوں گا ، میں ٹیکس کم کروں گا اور اسی قوم سے پیسہ اکٹھا کر کے دکھائوں گا ، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ، اقتدار میں آکر ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے بنائیں گے ۔ شہباز شریف نے کہا میں نے لاہور کو پیرس بنادیا ہے لیکن جب بارش ہوئی تو پیرس دھل گیا اور نیچے سے لاہور نکلا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انتخابی مہم کے سلسلے میں آج 8 جولائی اتوار کو ایبٹ آباد اور ہری پور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے ۔عمران خان آج سہ پہر 4 بجے ڈگری کالج نمبر 1ایبٹ آباد میں پھر6 بجے ایلمنٹری کالج ہری پور جی ٹی روڈ پر جلسوں سے خطاب کرینگے ۔دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اتوار کو ن ڈیڑھ بجے جناح کنونشن سنٹراسلام آباد میں منعقدہ گوجرکنونشن سے خطاب کریں گے ،بعدازاں عمران خان دن اڑھائی بجے پھلگراں جائیں گے ، جہاں ن لیگ کی سابق رکن قومی اسمبلی فرحانہ قمرتحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کریں گی۔