فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ 2020ء الیکشن کا سال ہے ۔ نااہل حکومت کو اس سے زیادہ وقت نہیں دیا جاسکتا ۔ اپوزیشن اور عوام نئے انتخابات پر متفق ہیں، یہ بات انہوں نے فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت بدترین معاشی بدحالی سے دوچار ہے ۔ حکومت ہرشعبہ میں ناکام ہوچکی اور اس وقت مسائل کا واحد حل مڈٹرم الیکشن ہیں۔ موجودہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے ترقی کے سفر کو بدحالی میں بدل کر رکھ دیا ہے ۔ یہی تبدیلی ہر طرف نظر آرہی ہے ۔ حکمرانوں کی سوچ کا اندازہ یہاں سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے دور میں ملکی تاریخ کی ریکارڈ مہنگائی اور بیروزگاری ہوئی ہے ۔ بجلی، گیس، پٹرول سمیت تمام ضروری اشیاء کے نرخ اس وقت آسمان سے باتیں کررہے ہیں۔ غریبوں کو تبدیلی کے نام پر دو وقت کی روٹی سے محروم کرنے والوں کا عوام ووٹ کی طاقت سے عبرت کا نشان بنادیں گے ۔