اسلام آباد،پشاور ( سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے ہم حکومت نہیں جہاد کرنے آئے ہیں، ماضی میں اقتدار میں آنے والوں نے اپنی ذات کیلئے بہت کچھ کیا ، اب ہمیں پاکستان کیلئے کچھ کرنا ہوگا۔ پشاور میں صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہامخصوص نشستوں پر آنے والے لوگوں کو تیاری کے ساتھ اسمبلی میں آنا چاہئے ، پاکستان کو معاشی طور پر بہت سے مسائل درپیش ہیں ، اس ضمن میں بہت کام کرنا ہے ۔ انسان کوشش کرے تو سب کچھ ٹھیک ہوجاتا ہے ، صدر، وزیراعظم ، وزرا کے خرچے کم کرنے کیلئے کمیٹی بنائیں گے ۔ علاوہ ازیں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ شاہ زین بگٹی نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے میں ملاقات کی اور وزیر اعظم کے انتخاب میں ان کی حمایت کا اعلان کیا ۔ عمران خان نے حمایت پر شاہ زین بگٹی اور انکی جماعت کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ تحریک انصاف کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ دریں اثناامیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔نجی ٹی وی کے مطابق امیر قطر نے عمران خان کو دورہ قطر کی دعوت بھی دی جسے عمران خان نے قبول کرتے ہوئے امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مضبوط ترکرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی ۔یونائٹیڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام پریذیڈنٹ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان نیل بوہنے نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباددی۔