لاہور( این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں نے ہر چیز مہنگی اور موت سستی کردی ہے ۔ ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بیماروں کو علاج کے بغیر مرنے کے لیے چھوڑ دینے کے مترادف ہے ۔ حکومت ڈرگ مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہے ۔ ۔ بجلی ، گیس کے بلوں ، تیل اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عوام کی قوت برداشت جواب دے گئی ہے ۔ معاشی ترقی کے دعویدارو ں نے معیشت تباہ کردی ہے ۔ نیب کی کارکردگی سے کوئی بھی مطمئن نہیں ۔ اس پر عدالت عظمیٰ کی گواہی کافی ہے ۔ حقیقی احتساب جماعت اسلامی کر ے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمر باغ میں معززین علاقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کے 26 ماہ ناکامی و نامرادی اور عوام کی پریشانیوں میں اضافے کی طویل داستان ہیں ۔ حکومت اپنے ہر وعدے اور دعوے کو بھول چکی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت احتساب کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ۔