لاہور(کلچرل رپورٹر)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد کا کہنا ہے کہ ملک میں 5 کڑور افراد خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ 3کڑور غریب پاکستانی دیہی علاقوں میں خوراک،صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات ہی سے محروم ہیں جن لوگوں اور ادارو ں کا کام انھیں سہولیات فراہم کرنا ہے وہ خیرات مانگنے میں مصروف ہیں اور آج قرضے نہ لینے کے دعوے داروں کی خدمات کے باعث ہر پاکستانی ایک لاکھ 93 ہزار کا مقروض ہوچکا ہے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی ناقص معاشی اور معاشرتی پایسیوں کے باعث غربت جیسا عفریت پھل پھول رہا ہے اور غریب اب 2 وقت کی روٹی کے لئے لنگر خانوں کا رخ کرنے پر مجبور ہے ۔ ان باتوں کا اظہار انھوں نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ورکرز اور رہنمائوں سے کیا اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کے وعدے وفا ہوتے نظر نہیں آرہے اقتدار میں آنے سے پہلے پی ٹی آئی عوام کو دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے خواب دکھاتی رہی اور اب مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے ،غذائی اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے ملکی اکثریت مشکلات کا شکار ہوتی ہے اگر عام استعمال کی 20اشیاء بھی سستی کردی جائیں تو مہنگائی اور غربت کو خاطر خواہ حد تک کم کیا جاسکتا ہے ۔