اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پر وار کرنے کے بجائے اپوزیشن کو اپنا حساب دینا پڑیگا، انکی تاریخ مفادات کے ٹکراؤ سے بھری ہے ۔ ماضی میں عوام کے بجائے مخصوص طبقہ فائدے اٹھاتا رہا، نئے پاکستان میں اسکی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ عوام کے مفاد کے سامنے جو آئیگا وزیر اعظم عمران خان اسکے راستے کی دیوار بنیں گے ۔گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن آٹا چینی بحران پر انکوائری رپورٹ کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے عمران خان کے جذبہ کو سراہے جس نے تاریخ میں خود احتسابی کی روشن مثال قائم کی۔قوم وہ وقت نہیں بھولی جب بیٹا باپ کو، تایا بھتیجے کو اور صدر انور مجید کو سبسڈی دیتا تھا، مسابقتی کمیشن جیسا ادارہ انکے ہاتھوں یرغمال تھا، وہاں وہ بندہ تعینات ہوتا جو اس مافیا کے مفادات کو تحفظ دیتا، 6 خاندان 50 فیصد سے زائد شوگر کنٹرول کرتے تھے ۔ عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں، وزیراعظم یا انکے خاندان میں کسی کی کوئی شوگر مل نہیں۔ رپورٹ پبلک کرنا دلیل ہے کہ وزیراعظم کی ترجیح مخصوص افراد کا نہیں پاکستان کے عوام کے مفاد کا تحفظ ہے ۔