کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور حسین وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ اس عید پر نہیں ،بڑی عید پر قربانی ہوگی، اپوزیشن جماعتیں عید کے بعد مل کر حکومت کیخلاف تحریک چلائیں گی تو کامیاب ہونگی۔ اپنے ویڈیو بیان میں منظور وسان نے کہا ملک میں سیاسی گرمی بڑھے گی، کوئی باہر جائیگا تو کوئی اندر جائیگا۔ نواز شریف کی جگہ مریم نواز لے گی اور شہباز شریف کی جگہ حمزہ شہباز لے گا۔ عمران خان کو اپنی ہی پارٹی کی طرف سے ری پلیس کیا جائیگا اور ان کی جگہ کسی اورکو وزیراعظم بنایا جائیگا، 2020 میں عمران خان کو وزیر اعظم نہیں دیکھ رہا،حکومت چند ماہ کی مہمان لگ رہی ہے ۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا قاضی فائز عیسیٰ اچھے جج ہیں،انکے بڑوں کی پاکستان بنانے میں بڑی قربانیاں ہیں، ان کیساتھ انصاف ہونا چاہئے ، ایسا نہ ہو کہ حکومت کیخلاف ہم سے پہلے وکلا میدان میں آئیں،ملک کے غداروں کو پھانسی ملنی چاہئے ۔چور دروازے سے اقتدار میں آئے نالائق وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے پاس ملک گروی رکھ دیا ہے ،ملک میں مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ عید کے بعد عوام خود ہی سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔