لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے پولیٹیکل اسسٹنٹ برائے اوقاف و مذہبی امور سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں بڑے شہروں کی ترقی کو فوقیت دے کر چھوٹے شہروں کو احساس محرومی ی و پسماندگی میں مبتلا کیاجاتا رہا۔ مگراب نہیں ایسا نہیں ہو گا۔ پی ٹی آئی کی حکومت اب چھوٹے شہروں کے عوام کو پسماندگی اور احساس محرومی سے نکالے گی اور ان کا معیار زندگی بلند کرے گی۔ حکو مت پنجاب سے ضلع لیہ کو ڈویژن بنانے بارے درخواست کی گئی ہے تاکہ یہاں کے عوام کو پسماندگی سے باہر نکالا جا سکے اور خوشحالی کا دور دورہ ہو سکے ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ لیہ ڈویژن کے اضلاع کوٹ ادوو،تونسہ شریف اور بھکرہوں۔ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کو آبادی میں ان کے تناسب سے زیادہ ترقیاتی رقوم فراہم کر رہی ہے ۔ پچھلے سات سالوں میں جنوبی پنجاب کو کم از کم 265 ارب روپے کی خطیر رقم سے محروم رکھا گیا۔ نئے بجٹ میں پنجاب کے مختلف شہروں میں تقریباً 40 ارب روپے کی لاگت سے 9 جدید ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔