کراچی(نیٹ نیوز) وزیراطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے وفاقی حکومت کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ ٹک ٹاک حکومت ہے اور ٹک ٹاک سے ہی گرے گی۔سعید غنی نے کراچی میں خاتون پاکستان کالج کی ایک تقریب میں شرکت کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے والے اساتذہ سے متعلق انہوں نے کہاکہ احتجاج کرنے کا حق سب کو حاصل ہے لیکن احتجاج دائرہ کار میں رہ کرکرنا چاہیے ، اساتذہ پر لاٹھی چارج کی ہمیشہ مذمت کی ہے ۔سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ جتنے سکول صوبہ سندھ میں بنے ہیں اتنے کسی صوبے میں نہیں بنے ۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو ایک ڈیڑھ ہزار لوگوں پر اعتراض ہے تو سزا لاکھوں کو نہ دی جائے ۔اس دوران ایک صحافی نے ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے پی ٹی آئی رہنماؤں سے متعلق بیان پر سوال کیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ یہ ٹک ٹاک حکومت ہے اور ٹک ٹاک کے ذریعے ہی گرے گی۔صوبائی وزیر کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ نااہل وزراء کا کام ہی یہ ہوتا ہے کہ ویڈیو بناؤ اور وائرل کرو۔سعید غنی نے کہا کہ شہریار آفریدی نے کہا ہے فوٹیج اور ویڈیو میں فرق ہوتا ہے تو وہی بہتر بتائیں گے کہ حریم اور ترمیم میں کیا فرق ہے ۔