فیصل آباد(راناافتخارخاں) حکومت پاکستان نے دس شعبوں کے لئے مختلف منصوبوں کو چلانے کے لئے انٹرنیشنل ڈونرز سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی، صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور اثرورسوخ رکھنے والی سرکاری و غیر سرکاری شخصیات کو انٹرنیشنل ڈونرز سے رابطوں کی ہدایت کی ہے ۔ عوامی فلاح و بہبود اور مسائل سے نمٹنے کے لئے نئے منصوبوں کے لئے 5 ارب ڈالرز سالانہ حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ جن شعبوں کے لئے غیر ملکی امدادی اداروں سے رابطہ کیا جائے گا ، ان میں تعلیم، صحت، صاف پانی، فنی تعلیم، بہبود آبادی، ترقی خواتین، سماجی بہبود اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ صحت کے شعبہ میں ہیپاٹائٹس، ایڈز، پولیو، خسرہ سمیت دیگر امراض کے لئے نئے منصوبوں کے لئے غیر ملکی امداد حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اسی طرح تعلیم اور فنی تعلیم میں متعدد نئے منصوبے شامل ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی بیرون ملک میں موجود شخصیات کو بھی اس سلسلہ میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تحریک انصاف کی بیرون ممالک اثرورسوخ رکھنے والی شخصیات کے علاوہ سفارتی شخصیات کو بھی اس سلسلہ میں رابطوں کا ٹاسک دیا جائے گا۔