اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،92نیوزرپورٹ ) وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزرا کیساتھ مشاورتی اجلاس میں مختلف اہم امور پر غور کیا۔اجلاس میں وفاقی وزرا اور مشیروں نے شرکت کی ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملے پر جارحانہ موقف اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فواد چودھری اور اعظم سواتی کو بھیجے گئے نوٹسز کا جائزہ لیا گیا اور ان کے جواب کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے موقف پر تعجب کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا انتخابی طریقہ کار سے متعلق فیصلہ کرنا حکومت کا کام ہے اور الیکشن کمیشن اس پر عملدرآمد کا پابند ہے ۔وزیراعظم نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی سے متعلق حقائق سامنے لانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں سینئر وزرا سے مشاورت کی اور تمام حقائق سامنے لانے کی ہدایت کی ۔ ذرائع نے بتایا اجلاس میں نیوزی لینڈ اور برطانوی کرکٹ ٹیموں کے دوروں کی منسوخی ، ای وی ایم کے معاملے پر الیکشن کمیشن کیساتھ جاری تنازع اور انتخابی اصلاحات کے امور پر غور کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چودھری کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد دونوں وزرا جلد حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے پریس کانفرنس کریں گے ۔ذرائع کا بتانا ہے حکومت نے دونوں ٹیموں کے دوروں کی منسوخی میں بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلے میں جعلی اکاؤنٹس سے ای میلزاور جعلی خبروں سمیت تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ سے ملاقات کریں گے جس میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ،سی ای او وسیم خان و دیگر عہدیدار بھی موجود ہوں گے ۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ )وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والی کمپنی کو بلاک اور قابل اعتراض مواد فوری ہٹا دنے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو پالیسی ڈائریکٹو جاری کردئیے ۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 21 سے زائد ایجنڈا نکات پر تبادلہ خیال ہوا ۔اجلاس کے آغاز میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات کی روشنی میں سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والی کمپنی کوبلاک اورقابل اعتراض مواد فوری ہٹادینے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو پالیسی ڈائریکٹو جاری کر دیے ۔ کابینہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی درخواست پر سعودی عرب سے بھیجی جانے والی شپمنٹ کی ریلیزکے حوالے سے امپورٹ پالیسی آرڈر کے قواعد میں ایک دفعہ کی رعایت دینے کی منظوری دی۔پاکستان پوسٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور اس کے دائرہ کارمیں اضافہ لانے کی خاطر کابینہ نے رولز آف بزنس میں ترمیم کرنے کی منظوری دی۔پوسٹل لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں توسیع کی خاطر کابینہ نے تین انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی۔ ان میں فرزین خان، نعیم اختر شیخ اور عاکف سعید شامل ہیں۔کابینہ نے سید رافع بشیر شاہ کو چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان جبکہ سرور اقبال کو نیشنل بنک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی۔کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس آرڈیننس 2001کی سیکشن 7(ب( کے تحت مالی سال 2019-20 کیلئے کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس کی جانب سے فیڈریشن ، صوبوں اور اضلاع کی کمبائنڈ فنانشل سٹیٹمنٹ کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔کابینہ نے وفاقی ملازمین کے ہائوس رینٹ میں 44فیصد اضافے ، نادرا کے آڈٹ کیلئے کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ جن افراد کے مفادات کا ٹکرائو ہو ان کو قائمہ کمیٹیوں کا ممبر نہیں ہونا چاہیے ، اس حوالے سے چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی جائے گی۔ کابینہ نے ازبکستان کیساتھ تعلقات خصوصاً تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ازبکستان کو بزنس ویزالسٹ میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ملک میں سینما اور فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے علاقائی ملکوں سے فلموں کی درآمد اور انہیں سنیما میں دکھانے کی اجازت دینے ،جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کے بجٹ برائے مالی سال 2021-22 (جس کا حجم 190.383ملین روپے ہے ) کی منظور ی دی ۔ کابینہ نے فیملی مقدمات کے حوالے سے اسلام آباد میں آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولیوشن سنٹر کے قیام کی منظوری دی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ اے ڈی آر کی کامیابی کا تناسب امریکہ میں 75فیصد جبکہ برطانیہ میں 80فیصد ہے ۔کابینہ نے ملک میں پولیو کے تدارک کیلئے Novel Oral Polio Vaccine Type 2 (nOPV2)کے استعمال کی اجازت دی۔ کابینہ نے عاصم رئوف کو تین ماہ کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی۔ ملک میں ساتویں مردم شماری کرانے کے حوالے سے ایڈوائزی کمیٹی کی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کی گئیں۔سفارشات میں کہا گیا اس مردم شماری کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق کرایا جائے گا،یہ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی۔ اس حوالے سے پہلے پائلٹ مردم شماری کا انعقاد کرایا جائے گا تاکہ طریقہ کار اور ٹولز کو چیک کیا جا سکے ۔ رئیل ٹائم جی آئی ایس ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی، نیشنل سینس کوارڈی نیشن سنٹر قائم کیا جائے گا۔کابینہ نے سید ندیم حسین رضوی کو ممبر ایڈجیو ڈیکیٹنگ اتھارٹی تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ جن افراد کے مفادات کا ٹکرائو ہو ان کو قائمہ کمیٹیوں کا ممبر نہیں ہونا چاہیے اس حوالے سے چئیرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی جائے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15ستمبر جبکہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 16ستمبر کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن کو حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دینا چاہیے جو انتخابی اصلاحات کیلئے کوشاں ہے ورنہ حکومت کیلئے انتخابات میں دھاندلی کرنا کوئی مشکل بات نہیں ہوگی جبکہ اپوزیشن خود کہتی ہے ادارے بھی ساتھ ہیں۔ اپوزیشن کو اعتراض کیساتھ انتخابی اصلاحات پر بھی تجویز دینی چاہیے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے اپوزیشن کیلیے کرسیاں اوپر نہیں ہوئی بلکہ نیچے آئی ہیں۔ 6 ماہ،سال میں الیکشن کی پیشگوئیاں کرنے والوں کو مایوسی ہو گی، اپوزیشن میں بونے ہی رہ گئے ہیں،اپوزیشن کی ساری سیاست صرف اپنے پیسے بچانے کیلئے ہورہی ہے ۔ ان کی لیڈرشپ کہتی ہے پہلے ہمارے کیسزپربات کریں، اصلاحات کیلئے اپوزیشن کوبلاتے ہیں توآتے نہیں۔ اگر آج ہم ان کو کہہ دیں کہ جو پیسے آپ کے پاس ہیں ان کا کوئی حساب کتاب نہیں ہوگا تو یہ سارے ریٹائر ہو جائیں گے ۔ حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد ہٹا سکتی ہے ، اس وقت سوشل میڈیا قوانین سے متعلق دو اہم پہلو پر کام کررہے ہیں۔ ان کمپنیوں کو گرفت میں لایا جائے جو بچوں کی فحش ویڈیوز بنانے یا اسے پوسٹ کرنے میں ملوث ہیں، اس کیلئے پی ٹی اے کام کررہا ہے ۔ حکومت ان کیخلاف گھیرا تنگ کررہی ہے جو انفرادی طور پر قابل اعتراض ویڈیوز بناتے ہیں، سوشل میڈیا کے رولز پر ایک نئی بحث شروع کی جارہی ہے ، وزیر انسانی حقوق اس کی صدارت کررہی ہیں۔ 7ویں مردم شماری میں پہلی مرتبہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، 18 ماہ میں مردم شماری مکمل ہوگی۔ اس ضمن میں مزید تفصیلات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ یہ بات طے ہے آئندہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں اور مردشماری کے تحت ہوں گے ۔ کینیڈین پنجابی، ایرانی، ترکش موویز ملک میں آسکیں گی تاکہ سینما بحال ہوسکیں جبکہ اس انڈسٹریز کو ٹیکس کی مد میں پہلے ہی ریلف حاصل ہے ۔ جو ممالک گیس میں خود کفیل اور تیل درآمد کرتے ہیں، ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں۔ تاجکستان میں پاکستان سے چینی 35 روپے کلومہنگی ہے ۔ قطر جیسا ملک گیس میں خود کفیل لیکن پاکستان میں قطر سے بھی گیس کا ریٹ کم ہے ۔عالمی منڈی میں مہنگائی اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دراصل مہنگائی کا باعث ہے ۔انہوں نے کہا یہ تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان میں لوگوں کی آمدن نہیں بڑھی، یہ تسلیم کروں گا کہ میڈیا کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھی اور ان کو کئی مسائل کا سامنا ہے جبکہ کسان سمیت مزدور کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے ،70 فیصد آبادی کی آمدن میں خاطرخواہ اضافہ ہواہے ۔ ہم غریب عوام کیلیے سبسڈی لیکرآرہے ہیں۔ میڈیا مالکان کو حکومت نے 75 کروڑ روپے تک ادائیگیاں کی ہیں اسلئے وہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں بڑھائیں۔ نیوزی لینڈ اور انگلنیڈ کرکٹ سیریز ملتوی ہونے پر صرف پی ٹی وی کو 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، قانونی چارہ جوئی کرینگے ، اگر دنیا کو ’ایبسولیوٹلی ناٹ ‘کہیں گے تو پھر قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ گوادر اور کراچی کو مزار شریف اور پھر تاشقند کے ساتھ ریل کے ذریعے جوڑنا چاہتے ہیں۔