لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے ،حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ، عوامی خدمت کا سفر شروع ہو چکا ہے ، اب رکے گا نہیں، عوام کی خدمت کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں،وزیراعظم عمران خان وہ پاکستان بنا رہے ہیں جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کی حالت بہتر بنانے کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں، ہماری حکومت کی پالیسیوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا لیکر برسراقتدار آئے ہیں اور عام آدمی کی حالت کو بدلیں گے ،نئے پاکستان میں تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں کیونکہ یہ عوام کی بنیادی ضرورت ہے ، عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔