مینگورہ ( نمائندہ 92نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا جنازہ نکل چکا ۔ وزیراعظم کے 2 افراد پر مشتمل گھرانے کا دو لاکھ میں گزارہ نہیں ہو رہا اور خود وزیراعظم پریشان ہیں توپھران لوگوں کاکیا حال ہوگا جوماہانہ پندرہ ہزارروپے تنخواہ لیتے ہیں اوران کے بجلی کا بل 8000روپے اورگیس کابل 4000روپے آتاہے ۔ تبدیلی کے نام پر مہنگائی اور نیا پاکستان قبول نہیں، ہمیں پرانا پاکستان واپس کیا جائے ۔ حکومت نے لوگوں سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ۔ عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلانے والوں نے ہماری آزادی اور خود مختاری کو گروی رکھ دیاہے ۔ ملک پر عملاً آئی ایم ایف کی حکومت ہے ۔ گیس اور بجلی کی کمپنیاں کما رہی ہیں اور غریب عوام پر مسلسل مہنگائی کے کوڑے برسائے جارہے ہیں ۔جماعت اسلامی نے مہنگائی بے روزگاری کے خلاف تحریک کا آغاز کردیا ۔26 فروری کو تیمر گرہ میں عوامی مارچ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف شروع کی گئی تحریک کے سلسلہ میں مینگورہ میں عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران خود بھی مایوس ہیں اور عوام کو بھی ناامیدی کے اندھیروں میں دھکیل رہے ہیں ۔ قومیں کارخانوں سے ترقی کرتی ہیں لنگر خانوں سے نہیں ۔ سراج الحق نے کہاکہ دنیا مریخ اور چاند پر پہنچ گئی لیکن ہمارے حکمران مرغی اور کٹے کی گردن پر سوار ہوکر ترقی کا سفر کرنا چاہتے ہیں ۔ حکمرانوں کی بڑی نااہلی اور کیاہوگی کہ گندم سستی بیچ کر کسانوں کو تباہ کیااور دوبارہ مہنگی گندم خرید کر عوام کو تباہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل افراد نے 22کروڑ لوگوں کی جیبوں پرڈاکہ ڈالا ، ملک کی 72سالہ تاریخ میں پی ٹی آئی ناکام ترین حکومت ہے ، ملک پر مسلط ٹولے کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ریاست مدینے کے دعویداروں نے ملک میں شرح سود میں اضافہ کردیا۔