اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ’بیٹی‘ ایپ تیار کرنے کا اعلان کردیا۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت اسلام آباد میں ایک اجلاس ہوا جس میں موبائل ایپلی کیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ یہ ایپلی کیشن ایک پورٹل کے طور پر کام کرے گی جو خواتین کے حقوق، قوانین و ضوابط، تربیت اور سکالرشپ کے مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔بیٹی‘ایپلی کیشن پر خواتین کیلئے ہیلپ لائن اورجاب پورٹل کی خدمات بھی میسر ہوں گی۔اسکے علاوہ اس ایپلی کیشن کے ذریعے خواتین قریبی ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، پولیس سٹیشنوں اور ہاسٹلزکی تلاش بھی کرسکیں گی۔’بیٹی‘ ایپلی کیشن خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے عوامی اور نجی شعبے کے ذریعے چلائے جانیوالے پروگراموں میں مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گی۔اس موبائل ایپلی کیشن کو تیار کرنے کا مقصد خواتین کو مواصلاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانا ہے ۔وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے اجلاس میں اقدام کو سراہتے ہوئے فوری طور پر ایپ تیارکرنے کی ہدایت کی۔