اسلام آباد(راجہ کاشف اشفاق) حکومت نے پنجاب کے بعد وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سے بھی (ن) لیگی میئر و ڈپٹی میئرز کی چھٹی کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، حکومت نے اسلام آباد سے بلدیاتی نظام کو تحلیل کر کے ایک سال میں نئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عندیہ دے دیا ، نئے متوقع بلدیاتی نظام میں حکومت نے وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) کا وجود بھی ختم کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے حکومت سی ڈی اے آرڈیننس 1960کو ختم کرکہ نئے آرڈیننس کے ذریعے سی ڈی اے کے تمام شعبہ جات کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن ( ایم سی آئی ) میں ضم کردے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اسلام آباد سے بلدیاتی اداروں کو ختم کرنے کے معاملات کا حتمی شکل دے د ی ہے اورپنجاب کی طرز کا نیا بلدیاتی نظام اسلام آباد میں بھی لانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ میں تعینات ایک سنیئر آفیسر نے اس نمائندے کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن ( ایم سی آئی ) کی اسمبلی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس پر آئندہ چند ہفتوں میں عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔ آفیسر کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب کے بعد اسلام آباد سے بھی بلدیاتی نظام کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ انتخابات تک اسلام آباد میں ایم سی آئی کا انتظامی کنٹرول چیف کمشنر اسلام آباد کو سونپ دیا جائے گا۔