اسلام آباد(فہیم اخترملک)حکومت نے صدر پاکستان اور وزیراعظم کو ملنے والے تحائف کی نیلامی کا فیصلہ کرلیا،توشہ خانہ میں موجود رواں سال 213 قیمتی تحائف کی نیلامی کی جائے گی۔وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن نے 2017 سے 2020 کے درمیان صدر مملکت اور وزرائے اعظم کو ملنے والے تحائف کی نیلامی کی ہدایت کی تھی۔کابینہ ڈویژن کے مطابق رواں ہونے والی نیلامی توشہ خانہ رولز کے مطابق ہورہی ہے اور توشہ خانہ میں موجود تحائف کو نیلامی میں رکھا گیا ہے ۔کابینہ ڈویژن کے مطابق رواں سال 221 قیمتی تحائف کو نیلام کرنے کی منظوری دی گئی مگر بعد ازاں 8 تحائف کو لسٹ سے نکال دیا گیا اب 213 تحائف نیلامی کیلئے دستیاب ہیں جن میں سے 177 کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے اور 36 کو مختلف سرکاری دفاتر میں ڈسپلے میں رکھا گیا ہے ،ان قیمتی تحائف میں گھڑیاں،ٹی سیٹ،لاکٹ سیٹس،جیولری،جائے نماز،رائفل،قہوہ سیٹ،ڈیکوریشن کی چیزیں اور دیگر آئٹمزشامل ہیں جن پر ان کی بیسک پرائس بھی درج ہے ۔کابینہ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ تحائف کی نیلامی پہلی بار نہیں ہورہی بلکہ رولز کے مطابق وقتاً فوقتاً ہر دو سے تین سال بعد نیلامی کی جاتی ہے ۔2017 میں بھی ن لیگ دور حکومت میں 200 سے زائد تحائف کی نیلامی کی گئی تھی۔