اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی، نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی جس میں تعلقات مزید بہتر بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور چین کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ عمران خان نے چینی وزیر خارجہ کو سی پیک منصوبے میں بھر پور حمایت اور تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے ، چین ہمارا بااعتماد دوست ہے ، سی پیک منصوبے سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چودھری اورسیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ملاقات میں شریک تھیں۔ عمران خان اور سعودی وزیر اطلاعات نے خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاک سعودیہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کہا پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک مضبوط رشتے میں جڑے ہیں ۔ دریں اثنا و زیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت میڈیا سٹریٹجی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی اعلی قیادت نے شرکت کی ۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی حکومت کے بڑے فیصلوں کو ہائی لائٹ کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابقہ حکومت کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔سابقہ حکومت کی طرف سے پیدا کی گئی معاشی اور بالخصوص پاور اور انرجی سیکٹر میں بدحالی پر بریفنگز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام فیصلے مشاورت کے ساتھ اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر کیے جائیں گے ۔ مزید برآں وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی کی اعلی قیادت کے اجلاس میں ملک کے اندر اچھی حکمرانی کے لئے تمام اتر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاق اور پنجاب حکومت کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ بیرون ممالک پاکستانیوں کے لئے ملک کے اندر زرمبادلہ بھجوانے کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ اجلاس میں ملک کے اندر ضمنی الیکشن کے حوالے سے پارٹی ٹکٹوں کے لئے مشاورت کی گئی جبکہ اس حوالے سے حتمی اعلان آج کیا جائے گا۔ اجلاس میں گڈ گورنس اور مختلف وزراتوں اور محکموں میں اچھی اور عمدہ کارکردگی د کھانے کے لئے سخت فیصلوں کی تاکید کی گئی۔ اجلاس میں ملک کے اندر بھوک افلاس اور غربت کے خاتمے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئی۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے فنانس اور منی بجٹ پیش کرنے کے متعلق صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں عام آدمی کو فاہدہ پہنچانے کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو مثالی کارکردگی دکھانے کا ٹاسک دیا۔ اجلاس میں کہا گیاکہ ملک کے اندر ڈیم کی تعمیرکے لئے بیرون ممالک کے بنکوں فنڈز کے حوالے سے رابطے کئے جاہیں گے جبکہ ڈیموں کی تعمیر کے لئے بیرون ممالک سے رقوم بھجوانے والے پاکستانیوں اور دیگر افراد کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ اجلاس میں وزرا سے کہا گیا وہ اپنی وزارتوں کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہو سکیں۔