اسلام اباد(سپیشل رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد صرف ٹیکس لگانا نہیں بلکہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کو سہولیات دینا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بنی گالہ میں معروف صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے نمائندگان کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ صنعتکاروں کے وفدنے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے ۔ کاروباری طبقے کا اعتماد حاصل کرنا ہمارے لیے اہم ہے اسی لیے میں آپ سے ملتا رہتا ہوں۔ آئی ٹی کا شعبہ گڈگورننس اور عوام کی فلاح وبہبود میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔حکومت چاہتی ہے پاکستانی برآمدات دنیا بھر میں دوسرے ممالک میں بننے والی مصنوعات سے معیار اور قیمت میں مقابلہ کرسکیں۔ وزیر اعظم نے کہا کاروبار میں آسانی پیدا کرنے سے ہی سرمایہ کار راغب ہوگا اور معیشت مضبوط ہوگی۔حکومت چاہتی ہے صنعت و تجارت کے حوالے سے پالیسیاں تاجر برادری اور کاروباری طبقے کی مشاورت سے بنیں تاکہ ان پالیسیوں سے کاروبار میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا ملکی معیشت کی ترقی کیلئے کاروباری برادری کو ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ حکومت کاروباری طبقے کی سہولت کاری کا کردار ادا کرے گی۔کاروباری برادری حکومت کی جانب سے اثاثہ جات کے متعلق اعلان کردہ سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائے ۔حکومتی نظام خصوصا ٹیکس کی وصولیوں کے نظام پر کاروباری طبقے کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے ایف بی آر میں اصلاحات کر رہے ہیں۔وفد میں آئی ٹی،دواسازی، ٹیکسٹائل ، پلاسٹک، گارمنٹس اور دیگر صنعتوں کی نمائندگی اعزاز حسین، شاہد سورتی، ابرار حسن، خالد محمود، یعقوب احمد ، شبیر دیوان، خلیل ستار، توفیق چنوے ، فواد انور، اعجاز گوہر اور شہزاد علی ملک شامل تھے جبکہ وزیر براے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق داود، چیئرمین ایف بی ار شبر زیدی اور اعلی حکام موجود تھے ۔