کراچی(سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کا پہلا سال عوام کی خواہشوں کا قاتل ہے ۔گزشتہ روز جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ خان صاحب کا نظریہ اور فلسفہ ملک سے سیاست اور سیاستدانوں کا خاتمہ ہے ۔ خوشحالی کے وعدے پورے کرنے کے بجائے عمران خان نے پورا سال عوام پر عذاب ڈھانے پر لگا دیا۔ ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے کے عوض لاکھوں لوگوں سے روزگار چھینا گیا، پچاس لاکھ گھروں کے دعویدار نے غریبوں سے چھت چھینی۔ مہنگائی کا سونامی لا کر ایک وقت کی روٹی تک غریب سے چھین لی گئی ۔ انصاف اور احتساب کے نام پر بدترین انتقام کو پروان چڑھایا گیا۔ عمران خان کے ایک سال میں جھوٹ، فریب، مکاری اور سیاسی انتقام کو فروغ ملا۔