مکرمی !کبڈی پنجاب کا روائتی اور ثقافتی کھیل ہے جواب برصغیر سے نکل کر پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔بہرحال کبڈی تو خالصتاً یہاں ہی کھیلی جاتی تھی۔ اس بار کبڈی کا عالمی میلہ پاکستان اور خصوصاً پنجاب میں سجایا گیاجس کو دیکھنے اور اس سے لطف اندوز ہونے کیلئے لوگوں کے جم غفیرنے بڑے جوش وخروش سے حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں ایران،برطانیہ، آسٹریلیا، جرمنی، کینیڈا اور آذر بائیجان جیسے ممالک کی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔ بھارت کی کبڈی ٹیم کو اپنا دفاع کرنا تھا کہ وہ چھ مرتبہ کی عالمی چیمپئن ہے بھارت اورپاکستان کی ٹیموں نے اپنے مد مقابل ساری ٹیموں کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا تھا اور یہ روایتی حریف اتوار کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوئے۔ یہ مقابلہ بڑا دلچسپ اور سنسنی خیز تھا ۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے جان لڑائی اور نہ صرف پوائنٹ کا فرق پورا کیا بلکہ کھیل کے اختتام پر فاتح رہے، حکومت کوعوام کے پسندیدہ اورروائتی کھیل کوفروغ دینے میں اپنا موثر کردار اداکرنا چاہئے۔ (جمشید عالم صدیقی لاہور)