مکرمی! وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا بیان پاکستان کے گلے کا پھندا بن گیا ہے- یورپ نے پی آئی اے پر اپنے دروازے بند کردئیے۔ برطانیہ نے پاکستان کیلئے پی آئی اے کی تمام پروازیں 6 ماہ کے لئے منسوخ کردی ہیں۔تازہ ترین اطلاع کے مطابق اقوامِ متحدّہ کے ترجمان کے اعلان کے مطابق پی آئی اے کو اقوامِ متحّدہ کے عملے کیلئے سفری ترجیحی کمپنی کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ ہمارے وزیر ہوا بازی کا بیان ائیر لائن کے شعبے کیلئے ''نائن الیون'' ثابت ہوا ہے۔وزیراعظم کو پہلی فرصت میں غیرذمّہ دارانہ بیان دینے والے وزیرہوابازی کو فارغ کردینا چاہئے۔حکومت کو چاہئے کہ جعلی لائسنس کے ایشو کوفی الفور حل کرے تاکہ پاکستان کی بدنامی بند ہو اور پی آئی اے کا پہیہ چلے۔ اب حکومت کسی بھی مصلحت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پی آئی اے میں مکمل سکروٹنی کو یقینی بنائے-بدعنوانی کے مرتکب عناصرکا کھوج لگا کران کا احتساب کیا جائیاورانہیں کیفرکردارتک پہچایا جائے۔ (جمشیدعالم صدّیقی‘ لاہور)