لاہور(اپنے رپورٹر سے ) صوبائی وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کنسٹرکشن سیکٹر کے فروغ کے لئے بھرپور اور جامع اقدامات کر رہی ہے ۔ ہاؤسنگ سکیموں کے لئے بلڈرزوڈویلپرز کو این او سی کے اجراء کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے باہمی ربط کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ این او سی کے اجراء کو کم سے کم وقت میں ممکن بنایا جا سکے ۔ کنسٹرکشن سیکٹر کی ترقی کیلئے قواعد و ضوابط کو آسان بنا کر نجی شعبے کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے کنسٹرکشن سیکٹر کے فروغ کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نسیم صادق، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) لیاقت چٹھہ اور دیگر متعلقہ کے حکام اور بلڈرز وڈویلپرز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے ۔