اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کو مہنگائی کی چکی میں پس رہے عوام کی حالت پر ترس آگیا۔ وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائی گئی تھی جو انہوں نے مسترد کردی۔حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔ اوگرا کی جانب سے پٹرول 6روپے 22 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل6 روپے 82 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی ۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں5روپے 78 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 6 روپے 37 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں بتایا اوگرا نے تقریباً 6 سے 7 روپے لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کی تجویز دی تھی ۔ وزیراعظم نے یہ تجویز منظور نہیں کی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی۔