لاہور، دمام(سٹاف رپورٹر،نیوزایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کو وعدہ خلافی اور رات گئی بات گئی کا رویہ چھوڑ نا اور الیکشن سے پہلے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا ۔ سودی نظام کے خاتمہ کیلئے ہم اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کرینگے ۔گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر دمام میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی ۔صرف 7 ماہ میں ہی عوام حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں ۔ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمہ اور خطے میں مستقل قیام امن کیلئے اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ افغانستان کے معاملات میں پیشرفت خوش آئند ہے ۔ پرامن افغانستان خوشحال پاکستان کیلئے ضروری ہے ۔ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ مہنگائی کے مارے عوام حکمرانوں کی جان کو رو رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی مہنگائی کیخلاف عوام کی آواز بنے گی ۔ حکومت کے پاس وقت ہے اپنا قبلہ درست کرکے وعدے نبھائے ۔ نیوزی لینڈ حکومت دہشتگردی روکنے کیلئے عملی اقدامات کرے ، مسلمانوں کے قاتل کو فوری سزا ملنی چاہئے ۔ دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ نمازیوں کی شہادت گھناؤنا جرم ہے ۔ یورپ اور مغرب میں مسلمانوں اور اسلام کیخلاف تعصب اور حملے معمول کی بات ہے ۔ سعودی عرب اور پاکستان کے مضبوط تعلقات کی بنیاد اسلام ہے ۔