لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی اور بات مائنس ون ٹو تھری سے آگے بڑھ کر مائنس آل تک جاپہنچی ہے ۔حکومت 22ماہ سے مصنوعی آکسیجن پر چل رہی ہے ۔ کے پی کے سمیت ملک بھر میں ترقی کا پہیہ جام ہے ۔وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے ۔ دیر بالا میں تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکو مت کو لانے اور ہاتھ پکڑ کرچلانے والے حکمرانوں کی نااہلی سے سر پکڑ کر بیٹھ گئے ،وزیر اعظم سمیت سب کو پتہ چل گیا ہے کہ اب ان کا چل چلائو ہے ، معیشت کو ایک رات میں ٹھیک کر نے اور آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانے کے دعوے کرنے والوں نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ، انہوں نے کہا کہ تمام ملکی مسائل کا حل اﷲ کے عطا کردہ نظام میں ہے ۔ جاگیردار اور سرمایہ دار ٹو لہ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔