لاہور(قاضی ندیم اقبال) پنجاب حکومت نے اداروں کی استعداد کار اور سروس آف ڈلیوری کے اہداف حاصل کرنے کیلئے مستقل بنیادوں پر افسروں کی کارکردگی کو مانیٹرکرنے اور سہ ماہی بنیادوں پر رپورٹس بھجوانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبائی انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ادارو ں کی استعداد کار کو بہتر بنا نے کیساتھ ساتھ سروس آف ڈلیوری کو بہتر بنانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ۔اس ضمن میں معاملات اسی وقت بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔ جب سرکاری ادارو کے ملازمین بالخصوص گریڈ16 اور اس سے اوپر کے افسروں کا ساتھیوں کیساتھ رویہ ، دفاتر میں آنیوالے عوام الناس کے مسائل کے حل کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انکی کارکردگی کو مسلسل بنیادوں پر مانیٹر کیا جائے ۔ذرائع نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام آفیسرز جو گزشتہ سالوں کے دوران پنجاب پبلک سروس کمیشن سفارشات کی روشنی میں مختلف اسامیوں پر بھرتی ہوئے انکی بابت رپورٹ ترجیحی بنیادوں پر مرتب کر کے ارسال کی جائے ۔ رپورٹس ایک پرفارمہ کی صورت میں مرتب کی جائینگی۔جس میں پی پی ایس سی کی وساطت سے محکموں میں بھرتی ہونے والے گزٹیڈ ملازمین کا نام، عہدہ ، پہلی جائے تعیناتی، موجودہ جائے تعیناتی، دوران سروس ساتھی افسروں،اور ماتحت ملازمین کیساتھ رکھ رکھائو کی بابت تفصیلات شامل کی جائینگی۔