ملتان ( سٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ مسائل پر نہیں ،بلا امتیاز احتساب کیا جائے ، صرف کراچی نہیں پورا ملک منی لانڈرنگ کی زد میں ہے ۔ ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کا فائدہ اٹھانے کے لیے سندھ حکومت گرانے کی باتیں ہو رہی ہیں، دعا ہے موجودہ حکومت عوام کی خدمت کرے ، امیر سیاستدان تو منرل واٹر پی لیتا ہے مگر غریب کو صاف پانی تک نہیں ملتا ،بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے سے ہی مسائل حل ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک بنتا نظر نہیں آ رہا ،مسائل حل کرنے کے لیے ملک میں کم از کم 20 صوبے بننے چاہئیں، محاذ آرائی جاری ہے بہت ہو چکا، دنیا میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی ہو گی جتنی پاکستان میں ہوئی، الیکشن میں اربوں روپے لگتے ہیں ابھی ملک نئے الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔