کراچی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ حکومت کی سادگی مہم اورپاک فوج کی جانب سے بجٹ میں کٹوتی کااقدام قابل تعریف ہے ،موجودہ حکومت میں سی پیک، گوادر پورٹ سمیت پورے بلوچستان میں ترقی کی رفتارنمایاں ہے ،بلوچستان کے حالات پروفاق اپنی ذمہ داری پوری کرے گا،بارشوں سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگرشہروں میں پانی کی قلت کم ہوئی ہے ،وفاقی حکومت بلوچستان میں چھوٹے ڈیمزکی تعمیرکے لیے مدد کرے گی،حکومت کے اقتصادی کے ایجنڈے کے جلد ثمرات ظاہرہوں گے ،کاروباری آسانیوں اورمعاشی استحکام کے حوالے سے کی جانے والی حکومت کی کوششیں نتیجہ خیزثابت ہوں گی۔سپیکربلوچستان اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجوسے ان کے والد کے انتقال پراظہارتعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے صدرمملکت کاکہنا تھاکہ موجودہ حکومت میں سی پیک،گوادرپورٹ سمیت پورے بلوچستان میں ترقی کی رفتارنمایاں ہے ،بلوچستان کے حالات پروفاق اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں پانی کی قلت میں حالیہ بارشوں کے بعد کمی ہوئی ہے حالیہ بارشوں کے باعث بلوچستان میں خشک سالی کاعارضی خاتمہ ہوگیاہے لیکن اس کے مستقل حل کے لیے بلوچستان حکومت اور وفاق کے تعاون سے شروع کیے گئے چھوٹے ڈیمز کے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے ۔صدرمملکت نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کے ذخاِئرہیں جنہیں کھوجنے کی ضرورت ہے ،بلوچستان میں موجود منرلز کے حوالے سے بھی جامعہ پلان پر عملدر آمد کی ضرورت ہے جس سے ناصرف صوبے کے عوام کو روزگار میسر ہوگا بلکہ منفی سرگرمیوں کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔دریں اثنا کراچی کی تاجربرادری اورعمائدین کے ایک وفد نے صدرمملکت اورگورنرسندھ سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔وفد نے صدرمملکت کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پرڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں کاروبار کوآسان بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اوراقتصادی اصلاحات کررہی ہے ،جس کے نتائج جلد آنا شروع ہوجائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ حکومت ملکی اورغیرملکی سرمایہ کاروں کو اپنی کاروباری اورتجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ معاشی مشکلات پر جلد قابو پالیا جائے گا۔قبل ازیں عیدالفطرکے موقع پرصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ملاقات کی اورعید کی مبارکباد دی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا اور ملکی سرحدوں کے محافظوں کو بھی عید کی مبارکباد دی۔ صدر سے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے بھی ملاقات کی اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت نے نریندر مودی کو دوبارہ بھارت کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام دیا جبکہ اس امید کا اظہار کہ انکا انتخاب خطے میں امن، استحکام، معاشی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مثبت ثابت ہو گا۔علاوہ ازیں صدر مملکت سے وفاقی وزرا، ارکان پارلیمان، مختلف ممالک کے سفرا،متحدہ پاکستان کے وفد اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی ملاقاتیں کیں ۔ صدر مملکت اور مہمانوں کے درمیان عید کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔