اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی) حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے 6ارب 37کروڑ وپے کا رمضان ریلیف پیکیج تیار کرلیا ہے ۔ ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی، گھی اور دالوں سمیت 19بنیادی اشیاء سبسڈی کے ذریعے عوام کو سستے دام پر فراہم کی جائیں گی۔ یوٹیلٹی سٹورز کو رمضان پیکج کیلئے 3ارب 37کروڑ روپے اضافی درکار ہوں گے ۔ وزارت صنعت وپیداوار نے یوٹیلٹی سٹورز پر یکم اپریل سے رمضان پیکج پر عملدرآمد کی سفارش کی ہے ۔ رمضان پیکج کی تشہیر پر10 کروڑروپے خرچ کئے جائیں گے ۔وزارت صنعت وپیداوار نے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کردی ہے ۔ ای سی سی آئندہ اجلاس میں رمضان پیکج کی منظوری دے گی۔92نیوزکوموصول دستاویز کے مطابق ہر سال ماہ رمضان میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ،ماہ رمضان میں حکومت کی جانب سے ملک بھر میں موجود 4 ہزار سے زائد یوٹیلٹی اسٹور پر رعایتی قیمتوں پر اشیا خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے ۔یوٹیلیٹی اسٹور نے سال 2021 میں رمضا ن المبارک کے دوران 19 اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں رعایت دینے کے حوالے سے فہرست تیار کی ہے ، ماہ رمضان میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے میں فراہم کیا جائے گا۔ رمضان پیکیج میں 70 ہزار میٹرک ٹن آٹا فراہم، فی کلو 30 روپے کی سبسڈی دی جائے گی ، فی کلو چینی 68 روپے ملے گی، 50 ہزار میٹرک ٹن چینی فراہم، جس پر 40 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ گھی200 روپے فی کلو کی رعایتی قیمت پرملے گا، 30 ہزار میٹرک ٹن گھی فراہم، 43 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی، 14 ہزار میٹرک ٹن کوکنگ آئل فراہم، جس پر 20 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی، 2 ہزار500 میٹرک ٹن دال چنا فراہم، 15 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی، 1 ہزار میٹرک ٹن دال چنا ( دھلی ہوئی) فراہم، 10 روپے فی کلو کی سبسڈی دی جائے گی، 500 میٹرک ٹن دال مونگ ( دھلی ہوئی) فراہم، 10 روپے فی کلو سبسڈی دی جائیگی، 1 ہزار میٹرک ٹن دال مسور فراہم، 30 روپے فی کلو کی سبسڈی دی جائے گی، 2 ہزار 500میٹرک ٹن دال لوبیہ فراہم، 25 روپے فی کلوسبسڈی دی جائیگی، 2 ہزار 500میٹرک ٹن بیسن فراہم جس پر 20 روپے فی کلو سبسڈی، 1 ہزار میٹرک ٹن کھجور فراہم، 20 روپے فی کلو سبسڈی دی جائیگی، 2 ہزار500 میٹرک ٹن باسمتی چاول فراہم، 10 روپے فی کلوسبسڈی دی جائیگی، 1 ہزار میٹرک ٹن سیلہ چاول فراہم،10 روپے فی کلو سبسڈی دی جائیگی، 3 ہزار میٹرک ٹن ٹوٹا چاول فراہم جس پر 12 روپے فی کلو سبسڈی دی جائیگی، 2 ہزار500 میٹرک ٹن پاوڈر دودھ فراہم، 20 روپے فی کلو سبسڈی دی جائیگی، 500 میٹرک ٹن مصالحہ جات فراہم، 10 فی صد فی کلوسبسڈی دی جائیگی ۔ رمضا ن پیکیج میں مشروبات(1500ملی لیٹر) کی 6 لاکھ بوتلیں فراہم ،فی بوتل پر 25 روپے سبسڈی دی جائیگی، مشروبات(800ملی لیٹر) کی 20 لاکھ بوتلیں فراہم، فی بوتل پر 20 روپے سبسڈی دی جائیگی، 2 ہزار500 میٹرک چائے کی پتی فراہم جس پر 50 روپے فی کلو کی سبسڈی دی جائیگی۔