لاڑکانہ/اسلام آباد(بیورو رپورٹ،وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے تحصیل ہسپتال رتوڈیرو میں ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سپورٹ سینٹرکا افتتاح کر دیا۔بعدازاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کے خاتمے کیلئے مولانافضل الرحمن کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہاکہ ایران اورسعودی عرب کے درمیان پاکستان کا مصالحتی کرداراچھااقدام ہے ،خطے سے جنگ میں پاکستان کونقصان ہوگا،برطانوی شاہی جوڑے کا پاکستان آنا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیابھرمیں ایچ آئی وی سنگین مسئلہ ہے ، شعور بیدارکرکے اس مرض کی روکنے کے اقدامات اور مریضوں کی امدادکیلئے ڈونرزکانفرنس کا انعقادکررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ فوادچودھری کابیان حکومتی پالیسی ہے ۔ایک سازش کے تحت اداروں سے لوگوں کوبیروزگار کیا ، زراعت اور صنعت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ حکومت کے گھرجانے سے ہی مسائل حل ہونگے ۔بلاول بھٹونے کہاکہ ڈینگی اور اینٹی ربیزویکسین پورے ملک کامسئلہ ہے ، آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم چلائی جانی چاہئے ۔علاوہ ازیں ایک بیان میں بلاول نے باجوڑ سے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ملک میاں گل جان کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتقاتلوں کو قانون کی گرفت میں لا ئے ۔