ڈیرہ غازی خان(نمائندہ 92 نیوز)چیئرمین جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایک ناجائز اور دھاندلی زدہ حکومت کے خاتمہ کے لیے اسلام آباد مارچ کرنے جارہے ہیں۔موجودہ حکومت کے پاس عوامی نہیں دھاندلی زدہ جعلی مینڈیٹ ہے ۔نئے صاف شفاف الیکشن کے مطالبے کو لیکر اسلام آباد کا رخ کررہے ہیں۔ڈیرہ غازی خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا ملین مارچ حکومت کے خاتمہ تک جاری رہے گا، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، نواز شریف نے آزادی مارچ میں ساتھ دینے کا پیغام بھیجا ۔پورے ملک میں پندرہ ملین مارچ کیے جن میں لاکھوں لوگ شریک ہوئے اور کوئی ایک درخت کا پتہ نہیں ٹوٹا اور اسلام آباد میں بھی ایسا ہی ہوگا اور پرامن تاریخی مارچ ہوگا۔احتساب کے نام پر اپوزیشن کے لوگوں کو گرفتار کیا گیا ، نیب ایک انتقامی ادارہ ہے احتسابی ادارہ نہیں، موجودہ حکومتی ارکان یا لوگوں کے خلاف جب بھی کوئی کیس کھولتا ہے اسے ادارے دبا دیتے ہیں، پشاور میٹرو سے لیکر حکومت کے دیگر نیب زدہ ارکان کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی جبکہ اپوزیشن کے رہنماؤں کو پابند سلاسل کرکے سیاسی انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں ۔اسلام آباد میں ملین مارچ کے لیے حکومتی کنٹینر قبول نہیں، اپنا کنٹینر یا کوئی اور گاڑی لاؤنگا، پی پی کا شریک چیئرمین بلاول بھٹو اپنا بچہ ہے ، اسکی ہر ادا ہمیں پسند ہے ۔عمران خان کا دھرنا ایک جائز حکومت کے خلاف تھا جبکہ ہمارا مارچ ایک ناجائز حکومت کے خلاف ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ بطور کشمیر کمیٹی کے چئیرمین کافی کام کیا موجودہ حکومت نے تو کشمیر کا سودا کردیا، اب صرف ڈرامے کیے جارہے ہیں ۔