شیخوپورہ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے حکومت کے پاس ویژن ہے نہ اہلیت۔ مولانا فضل الرحمن کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا اعلان دراصل وزیر اعظم کی بوکھلاہٹ اور سیاسی دیوالیہ پن کا ثبوت ہے ، اگر حکومت نے ایسی فاش غلطی کی تو اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دے گی۔سیٹھ مبشر علی اور حافظ احمد عتیق، رانا ماجد نواز ، ملک ندیم محمود چوہان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا عمران خان نے نواز حکومت کے خلاف 126دن کا دھرنا دیا تھا جس میں بار بار انہوں نے سول نافرمانی سمیت باغیانہ طرز عمل اختیار کرکے عوام کو حکومت اور ریاست کے خلاف اکسایا تھا ۔وزیر اعظم کی طرف سے مہنگائی میں اضافہ پر کوتاہی کا اعتراف دراصل اپنی نااہلی ، ناکامی، نالائقی کا اعتراف ہے ، اس پر معافی نہیں بلکہ قوم استعفیٰ کا مطالبہ کرتی ہے ،اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کا اجلاس آئندہ چند روز میں طلب کیا جارہا ہے جس میں موجودہ حالات میں اپوزیشن کے مشترکہ کردار او ر لائحہ عمل پر غور و خوض کیا جائے گا،مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ما رکیٹ کمیٹیو ں،پرا ئس کنڑول مجسٹریٹ اور تا جر تنظیمو ں کو اعتما د میں لیا جائے ،بیرونی آقائوں کو خوش کرنے کے لئے عوام کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے ، عوام کے مسائل سے حکومت کو کوئی سروکار نہیں۔