ملتان(سپیشل رپورٹر، این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے بلاول ٹرین مارچ کریں،پنجاب آئیں ،سیاسی سرگرمیاں اور تحریک چلانا اپوزیشن کا حق ہے لیکن جمہوریت ڈی ریل کرنے کی سازش نہ کریں۔ 2018ء کے انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے ۔ حکومت گرانا مسائل کا حل نہیں،ہماری حکومت کو بھی 5سال ملنے چائیں۔5 سال کے بعد عوام جو فیصلہ کریں گے وہ قبول ہوگا اگر حکومت گرانا مسئلہ کا حل ہوتا تو کوئی حکومت نہ چلتی۔ ملتان کے حلقہ این اے 156 کی یونین کونسل 14 شاہ رکن عالم کالونی میں 2واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا مہنگائی اور بیروزگاری کے ذمہ دار ہم نہیں پچھلے دس سال کی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کیا ۔ 8ماہ کی پی ٹی آئی حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔وزیر خزانہ اسد عمر سمیت کوئی بھی چٹکی بجا کر حالات درست نہیں کرسکتا،اپوزیشن اپنی باری کے لئے اگلے پانچ سال انتظار کرے ،ایک مدت کے بعد ہماری برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا ، سرمایہ کاری کا رجحان بھی آ رہا ہے جو بیروزگاری کم کرنے میں مدد کریں گی، مسائل سابق حکومت سے رورثے میں ملے ،قابو پالینگے ،پانچ سال بعد ہم اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے ،پھر عوام کا ہر فیصلہ ہم کھلے دل سے قبول کریں گے ۔ 19مئی تک بھارت میں انتخابات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تب تک پاکستان کو محتاط رہنا ہوگا۔ یہ تاثر غلط ہے ہم کسی کی حمایت کررہے ہیں۔ عمران خان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا۔ انڈیا میں کوئی بھی حکومت آئے ہم ان سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ ایران ہمارا دوست ملک ہے ہم اس کے ساتھ سرحد پر حالات بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان نے افغانستان کے معاملات میں کبھی مداخلت کی اور نہ آئندہ کرے گا۔ ہزارہ کمیونٹی پاکستان کا اہم حصہ ہے ۔ سانحہ کوئٹہ میں معصوم لوگوں کو شہید کیا گیا۔ ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔اس سانحے پر ہمیں تشویش ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا نیب ایک خودمختارادارہ ہے جو اپنے فیصلے خود کرتا ہے ،ہم اس پر دبائو نہیں ڈال سکتے وہ آزادانہ فیصلے کررہا ہے توقع ہے کہ وہ کرپشن کے تدارک میں حکومت کی مدد کرے گا،کرپٹ لوگ کسی بھی جماعت سے ہوں ان کی بیخ کنی کرنا ہوگی،عوام کو امید ہے نیب کرپشن فری پاکستان بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔