کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)بی این پی سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا ہے حکومت گرانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں، ہمارے مطالبات مان لیے گئے تو ہم حکومت کے ساتھ چلیں گے ،وفاق سے ہماری 9 نکات پر بات ہوئی تھی جس میں سے ایک پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ کراچی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمارے مطالبات مان لیے تو ہم حکومت کے ساتھ چلیں گے ،حکومت اچھے کام کرے گی تو سپورٹ کریں گے ،غلط کام کی مخالفت کی جائے گی،شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقاتیں اچھی بات ہے ، ایسی ملاقاتوں سے سیاسی استحکام ملے گا،آرمی چیف کی ملاقاتوں میں ہمیں بروقت آگاہ نہیں کیا گیا ، بلوچوں کو اکٹھا لے کر چلنا ہے تو پاوں سے گھسیٹ کر نہیں ہاتھ پکڑ کرچلنا پڑے گا،بلوچستان میں کوئی بھی پارسانہیں، بدقسمتی سے بلوچستان میں جس کو موقع ملا ، جس کابس چلااس نے کرپشن کی گنگامیں ہاتھ ہی نہیں دھوئے بلکہ ڈبکیاں بھی لگائیں ان قوتوں کابھی حساب ہوناچاہیے ،اے پی سی میں شریک جماعتیں ہم سے کئے گے وعدے بھول گئی ہیں، سی پیک پر ہمارے تحفظات دور نہیں ہوئے ہیں ۔اختر مینگل نے فوجی عدالتوں کی توسیع کی حمایت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی حمایت کی تھی،اتحاد نہیں کیا،پارٹی اجلاس میں معاہدے کا جائزہ لیا گیا ہے ، مذاکرات کیلئے کمیٹی بنادی ہے ۔