لاہور،فیصل آباد ، اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ، خصو صی رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، 92 نیوز رپورٹ ،آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 72 سالوں میں اتنے برے حالات ملک کے نہیں دیکھے ، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ،مہنگائی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عابد شیر علی کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ کی وفات پر اہلخانہ سے اظہارتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شہباز شریف نے کہا حکومت نے خود تسلیم کیا کہ نواز شریف دور میں اضافی بجلی تھی، آج عوام دوبارہ نواز شریف دور کو یاد کررہے ہیں،اندھیرے پھر سے چھا گئے ،موجودہ حکومت نے وقت پر گیس نہیں منگوائی ، مہنگا تیل استعمال کیا، مہنگائی ، غربت اور بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کر دیا ۔شہبازشریف پارٹی رہنما طلال چوہدری کی رہائشگاہ پر بھی گئے او ران سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف نے رانا افضل کی رہائشگاہ پر بھی جا کر ان کے صاحبزادے رانا احسان سے ان کے والد رانا افضل کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے آزادجموں و کشمیرمیں پارٹی جلسوں اورانتخابی سرگرمیوں کاشیڈول جاری کردیا،ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز آج مظفرآباد سے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گی،انتخابی مہم میں قائدین کی شرکت کاشیڈول روزانہ کی بنیادپرجاری کیاجائیگا۔