پشاور(92نیوز)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک طرف جمہوریت اور جمہوری اداروںکی مضبوطی کی بات کررہی ہے اور دوسری طرف غیر جمہوری ، غیر آئینی ، غیر اخلاقی مطالبہ کرکے خود جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے ، وزیر اعظم عمران خان کس لیے اور کیوں استعفیٰ دیں گے ،پی ڈی ایم میں شامل 11 جماعتیں اتنی مضبوط عوامی قوت رکھتی ہیں تو وزیر اعظم عمران کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سامنے لائیں جس طرح سینٹ چیئر مین صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد تحریک کا حشر ہو اسی طرح انکی وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کابھی وہی حشر ہوگا ، حکومت آئینی مدت پوری کریگی، پی ڈی ایم 2023 ء تک انتظارکرے ، ، پی ایم ایل این ، پی پی پی پی سمیت اپوزیشن میں شامل کئی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے ہمارے ساتھ رابطے ہیں بہت جلد پی ڈی ایم کو سرپرائز دیں گے ،اپوزیشن کا بیانیہ عوام نے مسترد کردیا ،شوق ہے تو وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائیں، وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، مولانا فضل الرحمن ، نوازشریف اور آصف زرداری سمیت پی ڈی ایم میں شامل تما م جماعتیں 2023 ء کا انتظارکریں ۔وہ بدرشی میں محمد ارشد خان ، سابق نائب ناظم مصدق خان کے پورے خاندان کی پی ٹی آئی میں شمولیت جبکہ ڈھیری کٹی خیل میں ممتاز خان اور ان کے خاندان کی اے این پی سے تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر جلسوں سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر پرویز خٹک ، اور عمران خٹک نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں اور ان کا خیر مقد م کیا، جلسے سے قومی اسمبلی مجلس قائمہ برائے توانائی و قدرتی وسائل کے چیئرمین ڈاکٹر عمران خٹک، اسحاق خٹک ، ملک ابرار ، ارشد خان اور تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری رضا سعید بابر ،ملک آفتاب احمد خان، نے بھی خطاب کیا۔