کراچی(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ حکومتی اداروں سمیت ہر سطح پر کرپشن ہے ، کرپشن اور درآمدات میں اضافے کی وجہ سے معیشت اور سرمایہ کاری بہتر نہیں ہوئی،موجودہ حکومت کے اقدامات کے سبب برآمدات بڑھی ہیں۔بلیک اکانومی،سکیورٹی اور دیگرمسائل معیشت کی راہ میں رکاوٹ ہیں،مسلم معاشروں میں خواتین کو بااختیار کرنا ہوگا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں ایف پی سی سی آئی کی سالانہ ایکسپورٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ ہمارے ملک میں ٹیکس دینے کا رجحان نہیں ،کالادھن معیشت کی بہتری میں رکاوٹ ہے ۔ صنعتکار خواتین اور معذور افراد کو ملازمت کے مواقع دیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے ملک بھر کے کامیاب برآمدکنندگان میں ایوارڈ تقسیم کیے ۔ علاوہ ازیں سرسبز پائیدار فن تعمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرعارف علوی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے آبی قلت جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں،حکومت کا گرین اینڈ کلین پاکستان منصوبہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ، دنیا کی بڑی طاقتیں گلوبل وارمنگ کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ نہیں۔علاوہ ازیں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ضیائالدین ہسپتال جاکر وفاقی وزیر میری ٹائم علی حیدر زیدی کے والد سجاد حیدر زیدی کی عیادت کی۔پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی بھی صدر کے ہمراہ تھے ۔عارف علوی نے سجاد حیدرکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔