لاہور(قاضی ندیم اقبال )پنجاب حکومت نے حکومتی ترجیحات کے مطابق کام نہ کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسروں کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔چیف سیکرٹری آفس کے مصدقہ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی پنجاب میں حکومت نے سرکاری اداروں اور اعلی افسروں کے کے لئے جن دو ترجیحات کا تعین کیا گیا، ان میں دفاتر میں بروقت حاضری اورعوام الناس کی مشکلات کے حل اور بتدریج خاتمہ کے لئے اوپن ڈور پالیسی کے تحت اعلی افسروں تک رسائی کی پالیسی تھی۔ صوبائی حکومت نے سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، خود مختار اداروں کے سربراہان کو واضح حکم دیاتھاکہ روزانہ صبح10سے دوپہر 12بجے تک دفاتر میں رہیں اور سب کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھیں تاکہ عوام کوتبدیلی کااحساس ہو۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب اور کابینہ کی جانب سے بارہا اس ضمن میں زبانی اور تحریری احکامات جاری ہونے کے باوجود حالات میں تبدیلی دکھائی نہیں دیتی۔سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز بھی روزانہ عوام کو اوپن ڈور پالیسی کے تحت نہیں ملتے ۔اعلی افسروں کو کھلی کچہریاں لگانے کے لئے جاری احکامات پر بھی مکمل عملدرآمد دکھائی نہیں دیا۔رپورٹس کی روشنی میں چیف سیکرٹری پنجاب کو یہ بات باور کرائی گئی کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی اور کھلی کچہریاں لگانے کے احکامات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیاجبکہ بیشتراعلی انتظامی افسران خود بروقت دفتر نہیں آ تے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی اینڈ سی ونگ ایس اینڈ جی اے ڈی کو از سر نو گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،پولیس افسروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ دفتری اوقات کی پاسداری ماتحت ملازمین سے کرانے کے علاوہ خود بھی کریں، ہفتہ وار بنیادوں پر کھلی کچہریاں لگائیں اورروزانہ کی بنیاد پر اپنا دفتر عام آدمی کے لئے دو گھنٹے کیلئے کھلا رکھیں تاکہ عوام کی مشکلات ختم کرنے میں مدد مل سکے ۔