لاہور(این این آئی) وفاقی حکومت نے فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے وزیراعلی، گورنر، وزیر قانون، وزرا اور اتحادیوں سے تجاویز طلب کرلیں،سربراہ جے یو آئی کی گرفتاری بھی زیر غور ہے جبکہ مولانا، ان کے بھائیوں اور قریبی ساتھیوں کے پرانے کیسز بھی کھولنے کا امکان ہے ۔ وزرا ڈیرہ اسماعیل خان میں زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی نیب سے تحقیقات کرانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔وفاق نے مولانا کو پنجاب کے کن کن مدارس سے مدد مل سکتی ہے ،ساتھ دینے والی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماوں کی فہرستیں بھی طلب کرلی ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کی پہلی ترجیح مارچ کو بیک ڈورڈپلومیسی کے ذریعے ناکام بنانا ہے ۔چودھری پرویز الہی، گورنر پنجاب اور دیگر رہنماؤں کا حزب اختلاف کی جماعتوں سے جلد رابطے کا بھی امکان ہے ۔