لاہور،اسلام آباد،فیصل آباد،ملتان،نواب شاہ(نامہ نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزرپورٹر،سپیشل رپورٹر، بیورو رپورٹ،نیوزایجنسیاں)ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے حکو مت کی معاشی پالیسیوں اورتاجر دشمن ٹیکس سسٹم کیخلاف اگست میں4 دن ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کرنیکا اعلان کردیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روزلاہور پریس کلب میں آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما نعیم میر،اشرف بھٹی،سہیل محمود بٹ ،وقار میاں،امجد چوہدری،محبوب سرکی،ارشد چوہدری،میاں خلیل،ظہیر الدین بابر،ملک ناظم،عاصم شفیق ،شہزاد شیخ،رضوان بٹ،نعیم بادشاہ، ملک فاروق،شیخ عرفان،رانا سلیم،شاہد بلال،عبدالودود سمیت دیگر تاجر نمائندوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اگست میں چار دن ملک بھر میں شڑ ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔نعیم میر نے کہا کہ حکومت نے اگر بلاوجہ عائد کردہ ٹیکس واپس نہ لئے تو ہڑتال میں مزید توسیع کی جائیگی۔وزیر اعظم تاجروں کے مسائل پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔پاکستان کی معیشت کی مضبوطی تاجر کی خوشحالی کے بغیر ممکن نہیں۔وزیر اعظم کے مشیر ان کو غلط مشورے دے رہے ہیں جس کا خمیازہ پاکستان کے تاجر بھگت رہے ہیں۔ملک بھر کی تمام تاجر تنظیموں کے متفقہ اور مشترکہ اعلان کے مطابق15،16اور26،27اگست کو ملک بھر میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال کرینگے ۔ مشاورت سے فکسڈ ٹیکس سکیم کا اجرا کیا جائے ۔جب تک فکسڈ ٹیکس سکیم کا اجرا نہیں ہوجاتا ہماا احتجاج جاری رہے گا۔حکومت کی من پسند ٹیکس سکیم قبول نہیں۔مطالبات نہ مانے گئے تو عاشورہ کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے دکانیں بند ہونگی۔دریں اثنا مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے ملک بھر کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک بھر کے تاجر طبقے نے حکو مت کی معاشی پالیسیوں اورتاجر دشمن ٹیکس سسٹم اور بجٹ کے تمام متنازعہ امور کے خلاف 15،16اگست اور 26،27اگست کو ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 32 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کے حوالے کیا،مگر معیشت و حالات میں بہتری کی ہماری کوششوں کی شنوائی نہ ہو نے پر 13 جولائی کوہم نے ملک گیر شٹرڈاون ہڑتال کی کال دی،کراچی سے خیبر تک ہر طرح کی حکومتی کوششوں کے باوجود تاریخ ساز شٹر ڈاون ہڑتال کے ذریعے تاجر طبقہ نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیامگر حکومت کے اندھے ، بہرے ، گونگے پن و طاقت کے گھمنڈ،فکس ٹیکس نظام لانے کے صرف زبانی جمع خرچ،چھوٹے تاجروں کیلئے کھاتے و حساب کتاب رکھنے اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن،خرید و فروخت پر شناختی کارڈ کے اندراج کی شرط کے خاتمے ،آسان ٹیکس سسٹم جیسے جائز مطالبات تسلیم نہ کیئے جانے پر ہم نے فیصلہ کیا ھے کہ ملک بھر کے تاجرخرید و فروخت پر شناختی کارڈ نہیں دینگے ،ایف بی آر کی ٹیموں کے مارکیٹوں میں آنے پر انکا گھیرائو کرینگے ۔اس موقع پرمرکزی تنظیم تاجران پنجاب کے صدر محمد شر جیل میر ، شیخ سلیم ،ملک ظہیر ، اشفاق عباسی ،خواجہ خلیل سالار،راجہ جاوید اقبال ، راجہ فیاض گل،آفتاب عباسی ،عتیق جنجوعہ ،ملک عبدالرحمٰن، محمد اظہر ،راجہ حسن اختر ،سجاد عباسی ، سردار ظہیر ،حاجی ظفر ،شاہد عباسی ،ملک عارف ، چوہدری اقبال ،خواجہ مشتاق ،راجہ ضیا ئاحمد، زاہد قریشی اور دیگربھی مو جو د تھے ۔ ادھر فیصل آباد میں وفاقی بجٹ کیخلاف الگ الگ احتجاج اورہڑتال کرنیوالے تاجردھڑے ایک ہوگئے ۔انجمن تاجران سپریم کونسل اور انجمن تاجران سٹی (رجسٹرڈ)کے رہنماؤں نے ایک میز پر اکٹھے بیٹھ کر بجٹ کیخلاف 15 ، 16 اگست کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔ انجمن تاجران سٹی (رجسٹرڈ )کے صدر خواجہ شاہد رزاق سکا ، جنرل سیکرٹری چوہدری محمود عالم جٹ اورانجمن تاجران سپریم کونسل کے سرپرست اعلی حاجی اسلم بھلی اور صدر جاوید ظفرنے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ مطالبات تسلیم نہ کئے جانے پر 26 اور 27 اگست کو دوبارہ ہڑتال کی جائیگی ۔۔علاوہ ازیں ملتان کے تاجروں نے بھی ٹیکسز اور بجٹ کیخلاف اگست میں 4 روزہ ہڑتال، احتجاج،بھوک ہڑتالی کیمپس، یوم سیاہ اور احتجاجی دھرنوں کا اعلان کردیا ۔اس سلسلہ میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان اور مرکزی تاجر تنظیم پاکستان کے تاجر رہنماؤں خواجہ سلیمان صدیقی، شیخ جاوید اختر ، جعفر شاہ، شیخ اکرم حکیم، خواجہ مجیب ، خالد قریشی ،شیخ احتشام الحق، ظفر اقبال صدیقی، شیخ طاہر امجد، مرزا اعجاز علی، ممتاز علی بابر سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی شیڈول کا اعلان اسلام آباد میں ہونے والے ملک بھر کے تاجر نمائندوں کے اجلاس میں کیا گیا ہے ، 15,16اگست کی ہڑتال کامیاب بنائیں گے ۔دریں اثنا نواب شاہ میں الگ الگ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجمن تاجران پاکستان کے سینئر نائب صدر عبدالستار قریشی،اور صدر انجمن تاجران سندھ حاجی عبدالقیوم قریشی نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ ملک کی مفاد کی بات کی ہے ۔ ایف بی آر کے پیچید ہ ٹیکس نظام سے تاجر برادری پریشا نی کا شکارہے ۔13 جولائی کی ملک گیرکامیاب ہڑتال کے باوجود حکومت تاجروں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں حکومتی اقدامات کے خلاف تاجر برادری 15 اور16 اگست کو ملک بھر میں ہڑتال کرے گی۔