اسلام آباد( خبر نگار خصوصی )مشائخ وعلما کونسل پاکستان کے زیراہتمام ہونے والی آل پارٹیزیکجہتی کشمیرکانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاہے حکومت پاکستان فوری طورپربھارت کے فضائی اورزمینی راستے منقطع کرے ،کلبھوشن اور دیگربھارتی جاسوسوں کوفی الفورپھانسی دی جا ئے ،مودی جب تک کشمیرمیں ظلم وتشددکاسلسلہ بندنہیں کرتا اس وقت تک بھارتی حکومت سے کسی قسم کے مذاکرات نہ کیے جائیں۔آل پارٹیزیکجہتی کشمیرکانفرنس اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پیر سلطان فیاض الحسن کی میزبانی میں ہوئی ۔ صدرآزادکشمیرسردارمسعودخان خطاب کرتے ہوئے کہا مودی صرف کشمیری یا ہندوستانی مسلمانوں کے ساتھ نہیں پوری اسلامی دنیا کے ساتھ جنگ کررہا ہے ہماری جنگ کسی مذہبی قوم یعنی ہندوئوں کے ساتھ نہیں آر ایس ایس کے نظریے کے خلاف ہے ۔پیرسلطان فیاض ا لحسن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ عالمی طاقتیں بھارتی حکومت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں موجودہ انسانی بحران ختم کرنے ، کرفیو اٹھانے ، مواصلات اور انٹرنیٹ نظام کو بحال کرنے ، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کے فوری اقداما ت کرے ،مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے ریلیف فنڈقائم کیاجائے اورحکومتی سطح پرایسااکائونٹ قائم کیاجائے اوریہ تمام فنڈزمقبوضہ کشمیرکے عوام تک بھیجنے کاانتظام کیاجائے ۔وزیراعظم جنرل اسمبلی میں عالمی دنیاکودوٹوک پیغام دیں ،آل پارٹیزکانفرنس سعودی تیل تنصیبات پرحوثی باغیوں کے ڈرون حملوں کی مذمت کرتی ہے ، ہم حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ سردار عتیق احمد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت پاکستان نے کشمیر کیلئے جو کام کیا ہے ماضی کی کسی حکومت نے نہیں کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیری اپنی منزل کو حاصل کریں گے ۔اعجاز الحق نے کہابھارت پر پریشر بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔عبد الرشید ترابی نے کہا کہ قائداعظم کا نظریہ ٹھیک تھا ۔فردوس عاشق نے کہامظلوم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کیساتھ ہے ،آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا اعلامیہ عالمی برادری کو موثر پیغام دیگا،قومی بیانیے کیساتھ کھڑے ہونے پر علماء و مشائخ کو سلام پیش کرتی ہوں۔ کانفرنس سے پیر امین الحسنات،حریت رہنما یوسف نسیم، مولانا فضل الرحمن خلیل، عبداللہ گل، پیرخالدسلطان قادری ،عظمیٰ گل ،پیرسلطان العارفین ،ڈاکٹرسلطان احمدعلی ،صاحبزادہ سعیدالرشیدعباسی ،عبداللہ گل ،علامہ طارق محمود یزدانی ،مولاناسجادشاہد،کنورقطب الدین ،علامہ قاسم قاسمی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔