پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی منصوبہ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کااعلان کردیا ہے ۔ حکومت کاموقف ہے کہ منصوبے کی نیب تحقیقات سپریم کورٹ پہلے ہی روک چکی ہے اور دوبارہ کیس نہیں کھولا جاسکتا۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شمائل احمد بٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ سے رجوع کے لیے کیس تیار کرلیا ،آئندہ ہفتے جمع کرادیں گے ۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تحقیقات روکنے کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جارہی ۔ یہ رٹ ایک شہری نے کی تھی کہ بی آر ٹی سٹیشن گھر کے سامنے بنایا جارہا جس سے اس کی پرائیویسی خراب ہورہی ہے ۔ اس پر پی ڈی اے نے معمولی تبدیلی کرکے شہری کی پرائیویسی محفوظ بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔