لاہور(کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ختم نبوت ؐ ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ۔ہر مسلمان کا دل نبی کی محبت سے سرشار ہے ۔آ پ ؐ نے امن ،احترام انسانیت،مساوات،عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا۔ محسن انسانیت اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے ۔ آزادی اظہار کی آڑ میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں۔سنت نبوی سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات، رمضان پیکیج،شہروں میں صفائی کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور دیگر اہم امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی برداشت نہیں،ریلیف کیلئے آخری حدتک جائیں گے ۔پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں رمضان ریلیف پیکیج کی پائی پائی حقداروں تک پہنچائی جا رہی ہے ۔ رمضان پیکیج کی ذاتی نگرانی کر رہا ہوں۔ مہنگائی مافیا کا مکمل خاتمہ کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے ۔ عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے ۔اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔بعدازاں انہوں نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا ۔