مکرمی ! والدین دنیا کی انمول نعمت ہیں۔ خاندانی نظام،نکاح، ازدواجی تعلقات، نان و نفقہ، طلاق، عدت، بچوں کی پرورش ، والدین اور بچوں کے حقوق و ذمہ داریوں کے حوالہ سے دین اسلام مسلمانوں کی مفصل انداز میں رہنمائی کرتا ہے۔ پاکستانی عدالتوں میں ہر روز ہزاروں کی تعداد میں بچوں کی کسٹدی جیسے مقدمات زیر سماعت ہورہے ہوتے ہیں۔ عمومی طور پرکم عمر اور کم سن بچوں کی بہتر پرورش کی خاطر بچوں کی کسٹڈی بچوں کی ماں کے حوالہ کی جاتی ہے۔ فیملی گارڈین عدالتوں میں والدہ کے لئے بچوں کی حوالگی کا فیصلہ تو کر دیا جاتا ہے۔لیکن والد کے لئے عارضی حوالگی جو کہ والد کا قانونی حق ہے اس حق پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔یہ تلخ حقیقت ہے کہ والدین کی ناچاقی کی سزا تاحیات بچوں کو مل رہی ہوتی ہے۔ کاش ہم چند لمحوں کے غصہ پر قابو پانے کی کوشش کریں تاکہ مستقبل میں والدین اور بچوں کیساتھ ہونے والی زیادتیوں سے بچ سکیں۔ ( محمدریاض)