پشاور( نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوا کابینہ نے وزرا ،مشیر، معاونین خصوصی اور افسروں کوسرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ہیلی کاپٹر کو سیاسی مقاصد اور جلسوں میں شرکت کیلئے بھی استعمال میں لایا جا سکے گا، کابینہ نے قبائلی اضلاع کیلئے 10سالہ ترقیاتی منصوبوں کیساتھ 3فیصد حصہ میں سے اپنے حصے کے 10ارب روپے دینے کی بھی منظوری دے دی، کابینہ نے مالاکنڈ ڈویژن میں نافذ شرعی نظام عدل ریگولیشن میں ترمیم کی منظوری دی ہے جس کے بعد ملاکنڈ ڈویژن میں 104معاون قاضی تعینات کئے جائینگے جو قرآن و سنت کی روشنی میں تنازعات سے متعلق عدالت کو آگاہ کرینگے ،کابینہ نے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے طلبہ سے چھٹیوں کی فیس وصولی پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیتے ہوئے پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو سختی سے عملدرآمد ممکن بنانے کی ہدایت کر دی ہے ۔خیبرپختونخوا کی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔جس کے بعد وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے میڈیا کو بریفنگ دی۔