لندن(نیٹ نیوز) برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کو اپنے ہی دائر کیے گئے مقدمے میں کم از کم پاکستانی ڈیڑھ کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنا پڑ گیا، ہرجانہ میگھن مارکل کو برطانوی اخبار دی میل اور ان کی ذیلی ویب سائٹ دی میل آن سنڈے کے خلاف لندن کی عدالت میں دائر کیے گئے مقدمے میں ادا کرنا پڑا۔انہوں نے اخبار کے خلاف اکتوبر 2019 میں مقدمہ دائر کیا تھا۔برطانوی شہزادی نے برطانوی اخبار پر اپنے والد کو لکھے گئے ایک خط کو غلط انداز میں شائع کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا۔میگھن نے درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ویب سائٹ کی جانب سے شائع کردہ خط جعلی ہے اور یہ کہ مذکورہ خط ان کی جانب سے والد کو لکھا جانے والا خط نہیں۔ گزشتہ سماعت میں عدالت کی جانب سے میگھن کے خلاف ریمارکس دیے جانے کے بعد برطانوی شہزادی نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے برطانوی اخبار کو مقدمے میں قانونی اخراجات کی مد میں 68 ہزار پاؤنڈ کی رقم بھی ادا کردی۔ دی گارجین کے مطابق دونوں فریقین نے 22 جولائی کو عدالت میں صلح نامہ پیش کیا، کیس کا باضابطہ ٹرائل آئندہ سال شروع ہونے کا امکان ہے اور اگر یوں ہی میگھن کے خلاف عدالتی ریمارکس آتے رہے تو انہیں لاکھوں پاؤنڈز ہرجانے کی صورت میں ادا کرنا پڑ سکتے ہیں۔