کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس28.41پوائنٹس کمی سے 33870.15پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ56.40فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو41ارب49کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔اورکاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت16.49فیصدکم رہا ۔ گزشتہ روزحکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی،ٹیلی کام، فوڈز، بینکنگ ، سیمنٹ،اسٹیل اورکیمیکل سیکٹر سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس34094پوائنٹس کی بلندسطح پر پہنچ گیاتاہم بعد ازاں سیاسی افق پر بے یقینی کی کیفیت اور ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے فیصلے پرسرمایہ کاروں نے محتاط طرزعمل اپناتے ہوئے حصص فروخت کرنے کو ترجیع دی جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای 100 انڈیکس 33666 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا گیاتاہم آخری سیشن میں مارکیٹ میں ریکوری آئی اورکے ایس ای100انڈیکس کی 33800کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس28.41پوائنٹس کمی سے 33870.15پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 6.43 پوائنٹس اضافے سے 15828.63پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 389.40پوائنٹس اضافے سے 54589.47پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس136.16پوائنٹس کمی سے 24453.83 پوائنٹس پربندہوا ۔ مجموعی طورپر367کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 136کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،207کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ24کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔