پشاور(ممتاز بنگش)جمعیت علماء اسلام نے پلان بی کے لئے ضلعی عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں، قیادت نے امرا کو ہزاروں کارکنوں اور انصار الاسلام کے تازہ دم دستے اسلام آباد کے لئے روانہ کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ اسلام آباد میں موجود انصارالاسلام کے رضا کاروں کو واپس اپنے صوبوں میں بھیجا جائے گا، ذرائع کے مطابق پلان بی کے تحت فیصلہ کیا گیاہے کہ جے یو آئی خیبرپختونخوا میں موٹروے ،پاک افغان شاہراہ اور انڈس ہائی وے کو بند کرنے کی ہدایت دیں گے جبکہ شاہراہ قراقرم کو خیبرپختونخوا کی حدود میں بند کرنے پر بھی غور کیا گیا ۔ قیادت نے یہ فیصلہ کیا کہ فی الحال اسلام آباد سے دھرنے کو سمیٹا نہیں جائے گا بلکہ اسکی جگہ تبدیل کی جائیگی تاکہ انٹری پوائنٹس کو بند کرکے اسلام آباد کو خیبرپختونخوا اور پنجاب سے راستوں کو منقطع کیا جا سکے ، ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں شاہراہیں بند کرنے کے لئے امرا کو کارکنوں کی تعداد کا ٹارگٹ دیا گیا ہے ۔امرا سے کہا گیا کہ وہ تحصیلوں کی سطح پر کارکنوں کی مخصوص تعداد کو اسلام آباد روانہ کریں او رباقیوں کی شاہراہیں بند کرنے کے لئے موجودگی کو یقینی بنایاجائے ، کئی اضلاع سے کارکن رات کو روانہ ہوگئے ۔خیبر پختونخوا حکومت کو وفاق کی جانب سے ہدایات دی گئی ہیں کہ آزادی مارچ کے قافلوں کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے تاہم سڑکیں بند کرنے کی صورت میں پیشگی اقدامات کئے جائیں۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق پلان بی پرعملدرآمدکیلئے جے یوآئی لاڑکانہ کے امیرمولاناناصرمحمودسومرونے کارکنوں کو آج دن12بجے سندھ بلوچستان بارڈرپرجیکب آبادمیں قومی شاہراہ کوبندکرکے دھرنادینے کی ہدایت کردی ہے ۔